
بہرحال بہت سے دنوں کا ایک فائدہ یہ ہے کہ لوگوں میں ان کے اپنے مسائل کے بارے میں آگاہی بڑھ گئی ہے یعنی اب انہیں معلوم ہوتا جا رہا ہے کہ انہیں کس کمی، تکلیف یا مسئلے کو اس طرح منانا ہے کہ وہ بڑھ جائے۔ میرا مطلب ہے اس کے متعلق معلومات بڑھ جائیں۔ اس ضمن میں سب سے حیران کن دن تو آف کورس وومنز ڈے ہے۔۔ یعنی عورتوں کا عالمی دن۔ جس کے بعد دوسرے نمبر پر مدرز ڈے آتا ہے۔۔ حیرانی کی بات یہ کہ عورتوں کو آبادی کا کم سے کم پچاس فیصد حصہ ہونے کے بعد بھی خود کو منانا پڑے تو بندہ سوچتا ہے ۔۔۔ ارے اس کا کیا مطلب ہوا۔۔۔ کیا ابھی بھی انہیں بڑھایا جانا چاہیے۔ یا وہ ابھی تک نظر آنا شروع نہیں ہوئیں یا پھر یہ کہ انہیں معلوم نہیں کہ وہ ایک عورت ہیں اور وجود رکھتی ہیں یا پھر یہ کہ ۔۔۔ یعنی انہیں یقین دلا دیا گیا ہے کہ ان کا وجود خطرے میں ہے اور انہیں پروٹیکشن کی ضرورت ہے جس کے لیے اب پمفلٹ چھاپا جائے گا جس کو پڑھ کر انہیں معلوم ہوگا کہ کچھ غلط ہو رہا ہے پھر کسی طرح وہ اس معلومات کو ان لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کریں گی جن کو اس بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں اور وہ غلط پر غلط کرتے جا رہے ہیں پھر ان کو سمجھ آ جائے گی یعنی گویا وہ سمجھ ہی جائیں گے اور آخر ایک دن سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔۔ مدرز ڈے کا بھی کچھ ایسا ہی مفہوم بنتا تھا لیکن کچھ لوگوں نے اسے پاور سٹرگل سمجھ لیا اور اب فادرز ٖڈے بھی منایا جاتاہے۔